بدھ 25 مارچ 2026 - 02:11
شہید کے خون سے ایسا نور پیدا ہوتا ہے جو ملک و ملّت کے مستقبل کو روشن بنادیتا ہے : مولانا کاظم مہدی

حوزہ/ امام بارگاہ حسینی (چٹان) مبارکپور میں شہید رہبر معظم آیۃ اللہ خامنہ ای ودیگر شہداء کی یاد میں جلسہ تعزیت و مجلس عزا ء کا انعقاد

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور/ شہادت کے متوالے راہ ِشہا دت میں سبقت لے جانے والے ہی اللہ کے مقرب بندے ہوتے ہیں۔ شہید کے خون سے ایسا نور پیدا ہوتا ہے جو ملک و ملّت کے مستقبل کو روشن بنادیتا ہے۔شہید آیۃ اللہ خامنہ ای نے راہ شہادت پر چل کر کربلائے جدید تعمیر کرکے تاریخ رقم کردی۔

ان خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر سید کاظم مہدی عروج جونپوری نے بتاریخ ۲۳؍مارچ بروز دوشنبہ بوقت ۸؍بجے شب بمقام امام بارگاہ حسینی (چٹان) مبارکپور شہیدرہبر معظم آیۃ اللہ سید علی حسینی خامنہ ای و ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ شہید علی لاریجانی و پاسداران انقلاب اسلامی کے تحت بسیج فورسز کے سربراہ شہید علی رضا سلیمانی اور دیگر شہدائے راہ حق رضوان اللہ علیہم اجمعین کی یاد میں منعقد جلسہ تعزیت و مجلس عزاء کو خطاب کے دوران کیا۔

مولانا ابن حسن املوی بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو نے جلسہ تعزیت میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہادت کا جذبہ صرف سچے مسلمانوں ہی میں پایا جاتا ہے باقی اقوام اس عظیم نعمت سے محروم ہیں۔شہیدوں کے خون سے ہی اسلام ہمیشہ پھلتا پھولتا رہا ہے اور آج بھی ایران کی شجاع و بہادر شہید پرور قوم اس کی جیتی جاگتی زندہ مثال ہے ۔

مولانا محمد شاہد ریاضی کربلائی نے کہا کہ خدا سے سچا پیار کرنے والے وہی لوگ ہیں جو اپنا سب کچھ اس پر نثار کردیتے ہیں۔قرآن مجید میں خدا سے سچی قربت و محبت کا معیار تمنائے موت یعنی شہادت کو قرار دیا گیا ہے۔

اس موقع پر علماء،شعراء اور خادمان و بانیانِ مجلس و جلسہ کی خدمت میں شہید رہبر معظم آیۃ اللہ سید علی خامنہ ای کی خوب صورت دیدہ زیب تصویر کو بطور یادگار ’’مومنٹو‘‘ پیش کیا گیا۔

مجلس عزاء کا آغاز تلاوت کلام ربانی سے ہوا جسکو مولانا حسن محمد نے انجام دیا ، نظامت کے فرائض مولانا محمد شاھد کربلائی نے انجام دیا ، مہمان خصوصی میں مولانا ابن حسن املوی واعظ ، مولانا کرار حسین اظہری ، مولانا غلام پنجتن ،مولانا حسن رضا ،مولانا نصیر المھدی ،مولانا میثم حیدر ، مولانا شیخ مرتضیٰ انصاری و دیگر علماء و مومنین نے کثیرتعداد میں نے شرکت فرمائی۔

شاعر اھلبیت خورشید مبارکپوری ، ظفر ناصری ،انیس مبارکپوری و قاسم اختر نے شہید آیۃ اللہ خامنہ ای وجملہ شہدائے راہ حق کو منظوم خراج عقیدت پیش کئے۔آخر میں انجمن انصار حسینی قدیم کے ماتمی دستہ نے نوحہ خوانی و سینہ زنی پیش کی ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha